لاہور۔13 اگست (اے پی پی )وطن عزیز کے 70ویں جشن آزادی پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا‘ جس میں ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات ‘ پاکستان رینجرز کے اعلیٰ افسران‘ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر واہگہ بارڈر کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔ تقریب میں موجود شرکاءکا جوش و ولولہ دیدنی تھا۔ اس موقع پر فضا ”جیوے جیوے پاکستان“ پاکستان زندہ باد“ ” نعرہ تکبیر“ پاکستان کا مطلب کیا ” لَا اِلٰہَ الّاٰ اللہ “کے نعروں سے گونجتی رہی۔ علاوہ ازیں پرچم اتارنے والے پاکستان رینجرز کے جوانوں کا جذبہ بھی پوری قوم کے جذبات کی عکاسی کر رہا تھا۔ تقریب میں میوزیکل بینڈ کی دھنوں نے عوام کے جوش و جذبہ کو مزید گرما دیا‘ اس موقع پر شرکاءکا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام میں اب بھی 1947ءوالا جذبہ موجودہے اور ہمارے عوام اور افواج دشمن سے بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=66223