ملتان ۔ 03 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ستھرا پنجاب پروگرام بھرپور انداز میں جاری ہے اس سلسلے میں دیہی علاقوں میں عرصہ دراز سے پڑے کوڑا کرکٹ اور ملبہ جات کی بھاری مشینری سے صفائی شروع کردی گئی ہے۔
کمشنر مریم خان اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گزشتہ روز قادرپوراں کا دورہ کیا۔اس موقع پر کمشنر مریم خان نے ضلع کونسل کی جانب سے جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے ستھرا پنجاب مہم پر تفصیلی بریفننگ دی۔ کمشنر مریم خان نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب مہم کا دائرہ کار عوامی مفاد میں بڑھا دیاگیا ہے۔
دور دراز دیہی علاقوں میں یونین کونسلز کی صفائی کیلئے مشینری ہائر کی گئی ہے۔مریم خان کا کہنا تھا کہ صفائی کے حوالے سے یونین کونسل کی سطح پر ریکوری سسٹم بھی نافذ کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے یونین کونسل کی سطح کے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں جبکہ لوکل گورنمنٹ عملے کو صفائی مانیٹرنگ اور ریکوری کے حوالے سے ٹاسک دیا گیا ہے۔ بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے عملہ صفائی سے ملاقات کی اور انکی حوصلہ آفزائی کی۔