31.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے...

ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی اور عوامی آگاہی مہم

- Advertisement -

راولپنڈی۔2مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی اور عوامی آگاہی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کو کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا ساجد صفدر کی ہدایت پر کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن ٹیم نے یونین کونسلز 25، 26 اور 30 کی مختلف جامع مساجد کا دورہ کیا۔مہم کا مقصد شہری سطح پر صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور مذہبی پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے صفائی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ افراد تک موثر انداز میں پہنچانا تھا۔

دورے کے دوران ٹیم کے ارکان نے جامع مساجد کے امام اور خطیب سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ اپنے خطبہ جمعہ اور دیگر بیانات میں شہریوں کو صفائی کے دینی، معاشرتی اور صحت سے متعلق پہلوؤں سے آگاہ کریں۔ علمائے کرام نے اس پیغام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے اپنی مذہبی و معاشرتی ذمہ داری کا حصہ بنانے کا یقین دلایا۔نمازیوں میں صفائی سے متعلق پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے جن میں روزمرہ صفائی کی احتیاطی تدابیر، شہریوں کا کردار اور اجتماعی صفائی کے اصولوں پر معلومات فراہم کی گئیں۔اس کے علاوہ شہریوں کو صفائی سے متعلق شکایات کے بروقت اندراج کے لیے ہیلپ لائن 1139، ”کلین راولپنڈی” موبائل ایپ اور آر ڈبلیو ایم سی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کا طریقہ بھی سمجھایا گیا۔

- Advertisement -

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام صرف صفائی کی ایک مہم نہیں بلکہ شہری تربیت، شعور اور طرزِ زندگی میں بہتری لانے کی ایک تحریک ہے۔ مذہبی مقامات اور خطبہ جمعہ جیسے بااثر ذرائع کو اس مقصد کے لیے استعمال کرنا موثر نتائج دے سکتا ہے۔ ہمارا مقصد ایک ایسا راولپنڈی تعمیر کرنا ہے جو صفائی میں مثالی ہو، جہاں شہری نہ صرف خود صاف رہیں بلکہ اپنے اردگرد کے ماحول کو بھی صاف رکھنے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ہم ادارہ جاتی عزم کے ساتھ عوامی سطح پر شعور اجاگر کریں تو تبدیلی ممکن ہے۔

ہم تمام شہریوں، علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مشن میں ہمارا ساتھ دیں،سرگرمی نہ صرف صفائی کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کا ایک مثبت قدم ہے بلکہ اس بات کی مثال بھی ہے کہ مذہب، سماج اور حکومت مل کر شہری فلاح کے لیے کتنے موثر انداز میں کام کر سکتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591346

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں