ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت

8

شیخوپورہ ۔ 24 جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز لوکل گورنمنٹ ، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز کے افسران ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں شہروں ،

قصبوں سمیت دیہاتوں کو صاف ستھرا اور دلکش بنانے کے لیے فیلڈ میں متحرک،ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی ہدایت پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران اپنی نگرانی میں صفائی ستھرائی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے فیلڈ میں متحرک رہتے ہیں، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کے افسران کو صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے کاموں میں مزید تیزی لانے کے لیے ہدایت کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام سے شہری و دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پارکس ، گرین بیلٹس اور چوراہے سرسبز و شاداب دکھائی دے رہے ہیں۔ میونسپل کمیٹیز کا عملہ سیوریج لائنوں کی صفائی اور گٹروں کو ڈھکن لگانے کا کام باقاعدگی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پودوں اور سڑکوں کے ڈیوائیڈرز پر لگی گھاس کی تراش کا کام جاری ہے اور پودوں کو پانی بھی باقاعدگی سے دیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو مزید بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے تمام مشینری و عملہ متحرک ہے اور شہر کی سڑکوں ، گلی محلوں ، پارکس اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔