سربراہ پاک بحریہ کا پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کا دورہ

108
سربراہ پاک بحریہ کا پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کا دورہ
سربراہ پاک بحریہ کا پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کا دورہ

کراچی۔26مارچ (اے پی پی):سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ فیصل کا دورہ کیا۔ پاکستان ائیرفورس سے جمعہ کو یہاں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق معزز مہمان کی آمد پر ائیر وائس مارشل ذوالفقار احمد، صدر ائیر وار کالج انسٹیٹیوٹ نے ان کا استقبال کیا۔

کالج کو باضابطہ طور پر صدر پاکستان کی جانب سے 20 جنوری2021کو ایک آزاد ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ کا درجہ ملنے پر سربراہ پاک بحریہ نے AWCI Team کو اعلی درجے کے تعلیمی معیار کے حصول پر مبارکباد دی۔ایئر وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ ہمیں دنیا میں ابھرتے ہوئے رحجانات کا جائزہ لینا چاہئے اور آج کی دنیا کو درپیش پیچیدہ اور متحرک سیکیورٹی ماحول سے نمٹنے کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دورحاضر میں مشترکہ فوجی آپریشنز ہی کامیابی کی اصل ضمانت ہیں کیونکہ آج کی جنگ میں کوئی بھی عسکری قوت تن تنہا کامیابی حاصل نہیں کرسکتی۔ بعد ازاں نیول چیف نے ادارے میں زیر تعلیم غیر ملکی افسران سے بھی ملاقات کی۔پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ پاک فضائیہ کا ایک باوقار ادارہ ہے، جہاں پاکستانی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران اہم کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کے لئے کورس کرتے ہیں۔

کورس کے دوران شرکا کو سو سے زائد مضامین کے ماہرین کی آرا سے متعارف کروایا جاتا ہے جن میں سول اور ملٹری پروفیشنلز، ڈپلومیٹ، اسکالرز، وکلا، صنعتکار، سائنسدان، اکنامسٹ اور میڈیا پرسنل قابل ذکر ہیں۔ بین الاقوامی اساتذہ اور اسٹریٹیجسٹس کے ساتھ خصوصی بات چیت بھی اس کورس کا ایک اہم پہلو ہے۔