سربراہ پاک فضائیہ نے تاریخ ساز دورہ چین کے دوران اعلی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، ترجمان پاک فضائیہ

119
سربراہ پاک فضائیہ نے تاریخ ساز دورہ چین کے دوران اعلی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، ترجمان پاک فضائیہ
سربراہ پاک فضائیہ نے تاریخ ساز دورہ چین کے دوران اعلی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، ترجمان پاک فضائیہ

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے اپنے تاریخ ساز دورہ چین کے دوران اعلی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال۔ ترجمان پاک فضائیہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے چینی وزیر دفاع و سٹیٹ کونسلر جنرل لی شنگ فو اور پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے کمانڈر جنرل چانگ ڈینگ چیو، ایکوپمنٹ ڈیویلپمنٹ ڈ یپارٹمنٹ کے سربراہ جنرل ژو ژوئی چیانگ اور ڈائریکٹر جنرل بیورو آف ملٹری ایکوپمنٹ اینڈ ٹیکنیکل کوآپریشن میجر جنرل فان جیان جون سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقاتوں میں معززین کی جانب سے تغیرپذیر بین الااقوامی سیاسی ماحول اور دونوں ممالک پر اثرانداز ہونے والی موجودہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ نے چین کی اعلی عسکری قیادت سے تاریخ ساز ملاقات کی ۔ دونوں ممالک کی اعلی ترین عسکری قیادت کے درمیان ہونے والی اس تاریخی ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن و سلامتی سے متعلق تمام اہم امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

ایئر چیف ایئر چیف کا پاکستان اور چین کے مابین مشترکہ چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے ایک مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس ہیڈ کوارٹرز آمد پر چینی فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کا گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ چینی کمانڈر پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی شاندار پیش رفت قابل تعریف ہے۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون، اسٹریٹجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ کی ایکوپمنٹ ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اور ڈائریکٹر جنرل بیورو آف ملٹری ایکوپمنٹ اینڈ ٹیکنیکل کوآپریشن کے ساتھ دو الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں عسکری تعاون کے فروغ اور تکنیکی صلاحیتوں کی منتقلی کے ساتھ ساتھ جدید عسکری آلات کی ترویج کے حوالے سے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دورہ چین کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے چینی دفاعی صنعت کے اہم عہدیداران سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی آلات کے حصول اور ٹیکنالوجی کے اشتراک پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ چین کے ساتھ انسانی وسائل اور ہوابازی کی صنعت میں موجودہ تعاون اور باہمی اشتراک کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔

پاکستان اور چین کے مابین تعاون اور باہمی اشتراک کے فروغ کے ذریعے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے مل کر نمٹا جا سکے گا۔ ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ چین دونوں ممالک کے مابین مذاکرات اور فوجی تعاون کے ذریعے اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔