سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار کی نیشنل یوتھ کونسل کے ممبران سے ملاقات ، کونسل کی سرگرمیوں کے حوالے سے منصوبہ بندی کا عمل شروع کرنے کے لئے تفصیلی گفتگو کی

110
APP14-080721 ISLAMABAD: July 09 - Minister of State for Information and Broadcasting Farrukh Habib and Special Adviser to the Prime Minister on Youth Affairs Usman Dar interacting with a special youth during closing ceremony of 2nd National Youth Council. APP photo by Saleem Rana

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کےمعاونِ خصوصی برائے اُمورِ نوجوانان / سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے نیشنل یوتھ کونسل کے ممبران کے ساتھ کونسل کی سرگرمیوں کے حوالے سے منصوبہ بندی کا عمل شروع کرنے کے لئے تفصیلی ملاقات کی۔ دورانِ ملاقات کونسل کے ارکان نے رواں سال کے لئے ترتیب دی گئی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور کونسل کے مقاصد کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہدف تشکیل دیے اورممبران میں ذمہ داریاں تقسیم کی گئیں۔

وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بطور مہمانِ خصوصی ملاقات میں شرکت کی اور کونسل کے ارکان سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سیاسی جدوجہد نوجوان نسل کے لئے ایک مثال ہے۔ بڑا انسان بننے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ترقی اور خوشحالی کے راستے پہ نوجوانوں کو آگے بڑھانے میں کامیاب جوان پروگرام کے کلیدی کردار کی تعریف کی اور لون اسکیم میں قرض کی رقم بڑھانے کے اقدام کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوان معاشی طور پر خودکفیل ہوں گے۔وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے اُمورِ نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ 20 لاکھ نوجوانوں کو ہر سال روزگار دینا حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے جس کا حل ملک میں کاروبارکو فروغ دینا اور نوجوانوں کو خود کفیل بنانا ہے۔

کامیاب جوان پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرض حاصل کر کے نوجوان نسل با آسانی اپنا کاروبار شروع کرسکتی ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہاکہ جن نوجوانوں کے پاس وسائل کی کمی ہے وہ اپنے بزنس آئیڈیاز کے ذریعے کامیاب جوان لون اسکیم سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

معاونِ خصوصی نے کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے انٹرنیشنل پارٹنرز کے تعاون اور رہنمائی کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے نیشنل یوتھ کونسل کے ممبران کو کونسل کا حصہ بننے پر مبارکباد دی اور حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان کے نوجوانوں کے نمائندہ کے طور پر ان کے مسائل کی نشاندہی کریں اور ان کی آواز بنیں۔

معاونِ خصوصی برائے اُمورِ نوجوانان نے اس بات کا یقین دلایا کہ وہ ان کو درپیش مسائل متعلقہ اداروں اور وزیراعظم پاکستان عمران خان تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔