اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):سرحد رورل سپورٹ پروگرام صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں،ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے قائم ان میڈیکل کیمپوں میں 5,787 سے زائد مریضوں کو طبی مشورے اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
پیر کو سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور جلد کی الرجی میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔ خیبرپختونخوا کی حکومت کو بیماریوں کے مزید پھیلاؤ پر قابو پانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سرحد رورل سپورٹ پروگرام ( ایس آر ایس پی ) نے سیلاب زدگان کی مدد کے تحت ضلع اپر کوہستان، دیر بالا، چارسدہ، نوشہرہ، ٹانک اور ڈی آئی خان میں طبی کیمپوں کا انعقاد کیا ہے۔
میڈیکل کیمپوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو طبی امداد اور ادویات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل کیمپوں کے لیے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی منظوری سے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ عام طور پر جن بیماریوں کی تشخیص ہوتی ہے ان میں جلد کی بیماریاں، گیسٹرو اور ملیریا، ڈینگی بخار اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں پانی سے پیدا ہونے والی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔ میڈیکل کیمپ کے لیے مالی امداد سنگاپور کے نجی مخیر حضرات نے سرحد رورل سپورٹ پروگرام کو فراہم کی ۔