سردار مسعودخان سے کشمیر برطانیہ کے صدر کی ملاقات

93

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے برطانیہ، یورپ اوردنیا کے دیگر خطوں میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے غیر قانونی جابرانہ قبضہ، ریاست کے اسلامی تشخص اور پہچان کو ختم کرنے اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی سازش ہو بے نقاب کرنے کے علاوہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں سے آگاہ کرنے کے لئے اپنی کوششوں کو تیز تر کریں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز جموں وکشمیر ہاؤس میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تحریک کشمیر کے سربراہ نے صدر آزادکشمیر کو اپنی تنظیم کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اس صحیح تناظر میں اجاگر کرنے کے حوالے سے اُن سے رہنمائی حاصل کی۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہمیں اپنی کمیونٹی کی انتھک کوششوں اور کشمیر کاز کے ساتھ محبت اور وابستگی پر فخر ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آج دنیا میں جو شعور اور آگاہی پیدا ہوئی ہے اُس کا سہرا بڑی حد تک برطانیہ، یورپ اور امریکہ میں بسنے والے اُن محب وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں کے سر ہے جو کشمیر کو اپنی ترجیح اول بنائے ہوئے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تحریک کشمیر برطانیہ کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور تحریک کے سربراہ فہیم کیانی کو یقین دلایا کہ حکومت اُن کی تنظیم کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ صدر آزادکشمیر نے تحریک کشمیر کی طرف سے دس دسمبر عالمی حقوق انسانی کے حوالے سے برطانیہ بھر میں ہفتہ حقوق انسانی منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک ظالم، جابر اور کمینہ دشمن ہے جو انسانی حقوق کا احترام کرتا ہے اور نہ ہی کسی اور انسانی قدر سے اس کا کوئی سروکار ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ فہیم کیانی نے صدر سردار مسعود خان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی وزرائے خارجہ کے حالیہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر اور کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے ایک موثر، جاندار اور جامع قرار داد کا پاس ہونا اور او آئی سی کی طرف سے گزشتہ سال پانچ اگست کے بعد اُٹھائے گے بھارتی حکومت کے اقدامات کی ستاون اسلامی ممالک کی طرف سے مذمت ایک بری کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اُن کی تنظیم تحریک کشمیر برطانیہ بھر میں ہفتہ حقوق انسانی منا کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر بھارت کو بے نقاب کرنے کے لئے ایک جامع پروگرام تشکیل دے رہی ہے۔