سردی کی وجہ سے جانوروں میں بیماریوں کے خطرات زیادہ بڑھ جاتے ہیں،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک سمبڑیال

89

سمبڑیال۔ 06 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک سمبڑیال ڈاكٹراحسن تصورچیمہ نے کہا ہے کہ سردی کی وجہ سے جانوروں میں بیماریوں کے خطرات زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو اپنے دفتر میں ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں کل سے بارش ہورہی ہے اور سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، سردی کی وجہ سے بڑے اور چھوٹے جانوروں میں گل گھوٹو، منہ کھر اور انتڑیوں کی بیماریاں پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں کیونکہ جس طرح خشک سردی انسانوں کو متاثر کرتی ہے اسی طرح جانور بھی اس سے متاثر ہو تے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کو سردی سے بچانے کیلئے خشک اور گرم جگہ کا انتخاب کیا جائے۔انہوں نے بتایاکہ تمام ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں متعلقہ ادویات اور حفاظتی ویکسین کے ٹیکے مطلوبہ ضرورت کے مطابق موجود ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ لائیوسٹاک فارمرز اس سلسلہ میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی معلومات، رہنمائی یا مشاورت کیلئے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے اور اگر جانوروں میں کسی قسم کی بیماری کی علامات ظاہر ہو ں تو فوری طور پر قریبی ویٹرنری ہسپتال یا ڈسپنسری میں موجود لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ عملہ سے رابطہ کریں تاکہ جانوروں اور مویشیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے مرض کی علامات کو ختم کرکے کسی پیچیدگی سے بچانے میں مدد مل سکے۔