سررمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین/وزیر مملکت ہارون شریف سے پاکستان میں مصر کے سفیراحمد فہد الیعقوب نے ملاقات

84

اسلام آباد ۔ 09 مارچ (اے پی پی)سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین/وزیر مملکت ہارون شریف سے پاکستان میں مصر کے سفیراحمد فہد الیعقوب نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے ملک کی ترقی، برآمدات کے فروغ، صنعتی شرح نمو کی بڑھوتری اور ریئل سٹیٹ وغیرہ کے شعبوں میں مقامی و غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سیاحت اور ہوٹلنگ کی صنعت کے فروغ کےلئے وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبہ میں مصر کے تجربات سے استفادہ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع فراہم کررہی ہے۔ فریقین نے پاک مصر باہمی تعلقات کے اضافہ پر اتفاق کیا اورکہا کہ یہ استعداد سے کم ہے۔ انہوں نے دونوںممالک کی کاروباری برادری کے رابطوں میں اضافہ پر بھی اتفاق کیا۔ مصرکے سفیر نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو بتایا کہ مصر کا ارب پتی سرمایہ کار پاکستان میں سستے مکانات کی تعمیرکے منصوبے میں سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے اور اس حوالے سے وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے یقین دلایا کہ مصرکے سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہوسکیں۔