سرفراز احمد آسٹریلیا کے خلاف سیریز اور ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے، چیئرمین پی سی بی

91

لاہور۔5فروری(اے پی پی )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد آسٹریلیا کے خلاف سیریز اور رواں سال شیڈول ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے قومی ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرفراز قومی ٹیم کے کپتان ہیں اور ورلڈ کپ تک وہی کپتان رہیں گے، ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کی کپتانی میں اچھے نتائج کی توقع ہے ، سرفراز احمد ایک باصلاحیت کپتان ہیں اور ان کا انتخاب میرٹ پر ہوا ہے ۔پی سی بی کو سرفراز احمد کی کپتانی پر مکمل اعتماد ہے ۔انہوں نے کہاکہ جب سے سرفراز احمد کپتان بنے ہیں ان کی کپتانی میں ٹیم نے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے ، انہی کی زیر قیادت ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی جیتی،ہماری ٹیم ٹی ٹونٹی میں نمبر ون ہے، ون ڈے میں ہم پہلے نویں نمبر پر تھے اور اب پانچویں نمبر پر ہیں، ون ڈے میں اچھی پرفارمنس رہی ہے اور ٹیسٹ میں بھی مزید بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میں حالیہ بری پرفارمنس سے ہم سرفراز احمد کی کپتانی کی اور اسکی بطور وکٹ کیپر بلے باز پرفارمنس کو نظر انداز نہیں کرسکتے ،وہ دنیا کے بہترین وکٹ کیپر بھی ہیں، کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، ہار سے سبق ملتا ہے اور پرفارمنس میں بہتری آتی ہے ۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہمیں جیتنی چاہئے تھی ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ابھی مختلف فارمیٹ کے مختلف کپتان مقرر کرنے کی ضرورت نہیں ہے سرفراز احمد تینوں فارمیٹ میں ہی کپتانی کریں گے، جب بھی کوئی ایونٹ آتا ہے تو قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں ۔ مصباح الحق اور یونس کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے متبادل کھلاڑی فوری نہیں ملے ،پلیئر راتوں رات نہیں بنتے بلکہ کھیل کر بنتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا ہے، دونوں کھلاڑی ملک کےلئے کھیلتے ہیں اور ان کی ترجیح پاکستان کانام روشن کرنا ہے، ہم نے آئندہ پانچ سال کے لئے ٹیم بنانی ہے ورلڈ کپ سے قبل ہونے والی سیریز میں پرفارمنس کا جائزہ لے کر حتمی اسکواڈ کا انتخاب کرلیں گے ۔ہم نے ورلڈ کپ کے لئے ابتدائی 30کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کرنا ہے اور بعد میں حتمی ٹیم منتخب کریں گے ۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا اور انگلینڈ سے سیریز ہیں، ہمیں ہار سے سبق سیکھنا چاہیے، نیوزی لینڈ سے ہمیں سیریز جیتنی چاہیے تھی تاہم کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔سرفراز احمد نے کہاکہ چیئرمین پی سی بی اور بورڈ کے دیگر عہدیدران نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے میں اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ۔اس اعتماد سے ٹیم کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی کوشش کروں گا ۔ چیئرمین پی سی بی نے شروع سے ہی میری کپتانی پر اعتماد کیا جس سے میرا حوصلہ بڑھا ۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ میں کھیلنا ایک اعزاز کی بات ہوتی ہے لیکن کپتانی کرنا تو بہت سپیشل ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کے خلاف نسل پرستانہ بیان پر میں معافی مانگ چکا ہوں اور اب اس مسئلہ کو ختم کردیا جانا چاہئے اور آگے بڑھنا چاہئے ،جو غلطی کی اس کی سزا بھی مل چکی ہے ۔کوئی کراچی یا لاہور والا نہیں سب پاکستانی ہیں ۔کسی کرکٹر کو پسند نہیں کہ اس پر تنقید ہو لیکن تنقید مثبت ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پورا اعتما د ہے کہ ہماری ٹیم ورلڈ کپ کےلئے اچھی ہے،ہمارے پاس میچ ونر کھلاڑی ہیں، امید ہے کہ وہ عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔