سرفہ رنگا فیسٹیول سے مقامی ثقافت عالمی سطح پر اجاگر ہورہی ہے، راجہ ناصر

176
سرفہ رنگا فیسٹیول سے مقامی ثقافت عالمی سطح پر اجاگر ہورہی ہے، راجہ ناصر

استور۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):دنیا کے بلند ترین سرد صحرا سرفہ رنگا میں پانچواں سالانہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ فیسٹیول کی تین روزہ رنگا رنگ تقریبات جاری ہیں۔ آج فیسٹیول کے دوسرے روز شگر کی معروف بلائنڈ لیک میں بلتستان کی روایتی کشتی رانی مقابلہ زخ ، تیر اندازی اور راک کلائمبنگ کے دلچسپ مقابلے ہوئے۔

اس موقع پر مقامی افراد سمیت ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جو سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ کی تقریبات میں شرکت کیلئے لوگ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے تشریف لائے ہیں۔ بلائنڈ لیک میں ہونیوالے کھیلوں کے مقابلے کے مہمان خصوصی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات راجہ ناصر علی خان تھے جبکہ اس موقع پر سیکریٹری سیاحت آصف اللہ خان، کمشنر بلتستان ڈویڑن نجیب عالم اور ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر زخ اور راک کلائمبنگ مقابلوں کے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کی وجہ سے نہ صرف گلگت بلتستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے بلکہ اس رنگا رنگ فیسٹیول کی وجہ سے بلتستان کی روایتی ثقافتی کھیل اور میلے بھی اپنی منفرد شناخت کے ساتھ دوبارہ سے عوام میں مقبول ہو رہے ہیں اور یہ فیسٹیول بلتستان کی ثقافت اور روایات کے احیاءمیں معاون ثابت ہورہا ہے اور ملکی و غیر ملکی شائقین میں بلتستان کی روایتی مہمان نوازی اور ثقافتی ورثہ کی پسندیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے نہ صرف خطے کی سیاحت کو فروغ ہوگا بلکہ عام آدمی کے معیار زندگی میں بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی سے عالمی سطح پر بلتستان کی کوہ پیمائی کے علاوہ ثقافتی اور سیاحتی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ گلگت بلتستان میں ایڈونچر ٹوارزم کے فروغ سے معاشی ترقی کی راہیں کھلیں گی۔ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ فیسٹیول کے پولو مقابلے کے فائنل میچ میں شگر کی ٹیم کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس موقع پر بلتستان کے روایتی کھیل کپولو کا بھی دلچسپ مظاہرہ کیا گیا۔

پولو میچ کے فائنل میچ کے مہمان خصوصی سنئیر وزیر برائے لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ حاجی عبدالحمید تھے جبکہ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی و ترقیات راجہ ناصر علی خان ، ممبر اسمبلی راجہ اعظم خان، سیکریٹری سیاحت آصف اللہ خان اور ڈی آئی جی بلتستان رینج فرمان علی سمیت ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر تقریب انعامات سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری سیاحت آصف اللہ خان نے اعلان کیا کہ سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کی بھر پور پذیرائی اور بہترین انتظامات پر اس سال سیون ڈیز ونٹر گیمز بھی بلتستان میں منعقد کی جائینگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی راجہ اعظم خان نے کہا کہ سرفہ رنگا سیاحتی شعبے میں ایک بڑا برانڈ بن چکا ہے۔

سرفہ رنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی ایک ایکسٹریم اسپورٹنگ ایونٹ ہے جسے صوبائی حکومت ہر سال بلتستان کے ضلع شگر کے رنگا رنگ پرکشش مقامات اور لوکل ثقافتی تہواروں کے ساتھ بھرپور انداز میں انعقاد کرتی ہے۔ سنئیر وزیر برائے لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ حاجی عبدالحمید خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد کا مقصد گلگت بلتستان کی معشیت کو بہتر بنانا ہے جو کہ سیاحت کے سیکٹر کے فروغ سے ممکن ہے۔

حکومت گلگت بلتستان کی ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ گلگت بلتستان میں سیاحت اور کھیلوں کو فروغ امیج اجاگر کیا جائے۔انہوں نے اس شاندار فیسٹیول کے انعقاد پر محکمہ سیاحت و ثقافت کی کاوشوں کو سراہا۔