اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے تاکہ پیداواری لاگت میں کمی لا کر ”ایز آف ڈوئنگ بزنس“ کو فروغ دیا جا سکے، عالمی بینک (ڈبلیو بی) کی کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے حوالہ سے رینکنگ میں پاکستان کی درجہ بندی 11 پوائنٹ اضافہ کے ساتھ 147 سے 136 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار بی او آئی کے چیئرمین ہارون شریف نے ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی طرف سے ڈوئنگ بزنس رپورٹ 2019ءکے مطابق پاکستان کی طرف سے کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے حوالہ سے کارکردگی میںاضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے اور حکومت نے سرمایہ کاری کے حوالہ سے جو اہداف مقرر کئے ہیں وہ حاصل کر لئے جائیں گے۔