سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ یا کاشتکاری ہرگز قابل قبول نہیں ہے،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

133
ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن

مظفرگڑھ۔ 24 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ قراۃالعین میمن نے موضع بھٹہ پور پنجے والا کا اچانک دورہ کیا۔مقامی افراد کے سرکاری ملکیت کی اراضی پر گندم کی فصل کاشت کرنے کا ڈپٹی کمشنر نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی ریونیو عملے نے سرکاری رقبہ پر کاشت کی گئی تمام گندم کو اپنی تحویل میں لے لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی اور ریونیو سٹاف بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن نے کہا کہ سرکاری اراضی پر کسی قسم کا ناجائز قبضہ یا کاشتکاری قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مقامی لوگوں کو سرکاری قوانین کی پاسداری کرنے اور ناجائز تجاوزات سے گریز کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی اراضی کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔یہ کارروائی ضلع انتظامیہ کی جانب سے سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔

اس اقدام سے علاقے میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے اور سرکاری املاک کی حفاظت کرنے میں مدد ملے گی۔قبل از ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن کی زیر صدارت فلور ملز ایسوسی ایشن اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گندم کی دستیابی، آٹے کی ترسیل، نرخوں اور معیار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے فلور ملز کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ آٹے کی بلاتعطل فراہمی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد نے آٹے کی سپلائی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔فلور ملز نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔