سرگودھا ۔ 15 مئی (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈز کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈز کمیٹی کے نمائندوں نے ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرسرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ، سی او ایم سی عمر فاروق ، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سرگودھا شہر کے سیوریج سسٹم کی بحالی اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق جامع سٹڈی پر بریفنگ دی گئی۔
ماہرین نے اجلاس کے شرکاءکو بتایا کہ شہر میں سیوریج کا نظام کئی علاقوں میں بوسیدہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے اپنی سٹڈی کی روشنی میں تجویز پیش کی کہ شہر کے مختلف حصوں میں سیوریج لائنوں کی ازسرِ نو تعمیر اور مرمت کی ضرورت ہے، تاکہ نکاسی آب کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔اجلاس میں صاف پانی کی فراہمی سے متعلق بھی تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ کمیٹی نے بتایا کہ شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری کے لیے جدید فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور موجودہ نظام کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ شہری سہولیات کی بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597449