سرگودھا تعلیمی بورڈ کے پوزیشن ہولڈرزطلبہ تقریبِ تقسیم انعامات میں شرکت کے لئے لاہور روانہ

111
Board of Intermediate and Secondary Education Sargodha
Board of Intermediate and Secondary Education Sargodha

سرگودھا ۔ 03 فروری (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے انٹرمیڈیٹ امتحانات2024کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں ہونے والی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کے لئے اپنے دفتر سے روانہ کیا ۔ اس موقع پر پوزیشن ہولڈر طلبہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ کمشنرجہانزیب اعوان نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی پر اُن کے والدین اور اُساتذہ بھی مبارکباد کے حقدار ہیں جن کی بدولت آج وہ اس مقام پر ہیں ۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنے اور اپنے والدین کے لئے محنت کریں بلکہ پاکستانی ہونے کے ناطے ملک کی ترقی و خوشحالی اورامن و امان کے لئے کام کریں۔

کمشنر نے کہا کہ ذہین بچوں کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ بچوں کو بہترین تعلیم وتربیت فراہم کرنا اساتذہ اور والدین کی مشترکہ ذُمہ داری ہے۔ انہوں نے طلباپر زور دیا کہ پیسے کمانا ہی ان کا مقصد نہیں ہونا چاہیے، آپ معاشرہ کے لیے اچھا بنیں تاکہ انسانیت کا فائدہ ہو سکے۔ انہوں نے طلبہ سےان کی مستقبل کی منصوبہ بندی بارے بھیدریافت کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے پوزیشن ہولڈرز کو گل دستے بھی پیش کیے۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن یاسر بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ایف اینڈ پی) محمد ارشد وٹو،سیکرٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ابو الحسن نقوی بچوں کے والدین اوراُساتذہ بھی موجود تھے۔ پنجاب بھرکے انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرزمیں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب 4 فروری کو لاہورمیں ہوگی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف فرسٹ پوزیشن ہولڈر کوپانچ لاکھ روپے، سیکنڈ پوزیشن ہولڈر کو تین لاکھ اور تھرڈ پوزیشن ہولڈر کو دو لاکھ روپے کیش انعام دیں گی ۔ اسی طرح پوزیشن ہولڈر کے ایک ٹیچر کو بھی ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔