سرگودھامیں 6 روزہ انسداد پولیو مہم 2 سے 7 اکتوبر تک جاری رہے گی

115

سرگودھا۔16ستمبر (اے پی پی):سرگودھا میں 6 روزہ انسداد پولیو مہم 2 سے 7 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران ضلع بھر کے 6 لاکھ 63ہزار793 پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے پلانے کے ساتھ وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی۔ اس حوالے سے ایک جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی کی زیر صدارت ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسلم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کل 3ہزار 331 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں.جن میں 3ہزار 36 موبائل 206 فکسڈ اور 89 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ پولیو مہم کے لیے محکمہ صحت کے 3947 ملازمین کے علاوہ دیگر محکموں کے سات سو ملازمین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ ضلع بھر کی 167 یونین کونسلوں میں یو سی ایم اوز اور 612 ایریا انچارج کو بھی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ پولیو ٹیموں کی تربیت کا عمل جاری ہے اور تمام انتظامات پیشگی مکمل کرلیے جائیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے پولیو کے قطرے پلانے کے سو فیصد ہداف کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر قومی جذبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے اور والدین سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائے تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچا جا سکے۔