سرگودہا میں یوم ِعاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا،سکیورٹی کے فُول پروف انتظامات

121
سرگودہا میں یوم ِعاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا،سکیورٹی کے فُول پروف انتظامات
سرگودہا میں یوم ِعاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا،سکیورٹی کے فُول پروف انتظامات

سرگودہا۔29جولائی (اے پی پی):سرگودہا میں یوم ِعاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔اس موقع پر سکیورٹی کے فُول پروف انتظامات کئے گئے تھے جس کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔یوم ِعاشور پر سرگودہا میں تعزیہ، علم، ذوالجناح وغیرہ کے مختلف جگہوں سے جلوس نکالے گئے جن میں 12بلاک،اقبال کالونی،بلاک نمبر7،کوٹ فرید سمیت دیگر جلوس شامل تھے۔یوم ِعاشور پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔

اس موقع پر شہر بھر کے تمام بازار،دکانیں اور تجارتی مراکز بندرہے جبکہ دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری کی پابندی پربھی سختی سے عمل کروایا گیا۔علم، ذوالجناح اور تعزیوں کے جلوسوں میں شریک عزاداران نوحہ خوانی،ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی و گریہ زاری کرتے ہوئے اہل بیت اور معرکہ کربلا کے شہدا ء کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے رہے۔ آج 10محرم الحرام کو شہر میں 214جلوس برآمد ہوئے جبکہ 519اعزا داری مجالس کا انعقاد ہو ا جن کو کیٹیگڑی اےاور بی کے درجہ میں تقسیم کر کے دوہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جن کی معاونت کے لئے رضاکاروں نے بھی ڈیوٹی دی۔

اس کے علاوہ سکیورٹی کے لیے پولیس افسران اور کانسٹیبلان و لیڈیز کانسٹیبلان سمیت دیگر اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے جبکہ ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی مسلسل شہر کے گردونواح میں گشت کرتی رہیں۔

تمام ماتمی جلوس مکمل عقیدت واحترام کے ساتھ شام کو شیڈول کے مطابق بخیروعافیت اورپرامن طریقے سے اپنے مقررہ پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوگئے جہاں مجالس بھی منعقد کی گئیں۔اس موقع پرنیاز حسین تقسیم کی گئی اور بعد ازاں تما م ماتمی جلوس واپس اپنی اپنی امام بارگاہوں کو روانہ ہوگئے جہاں بعد نمازعشامجالس شام غریباں کا انعقاد کیاجائے گاجس میں علماوذ اکرین حضرت امام حسینؓ اور اہل بیت کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔