سری لنکا اے نے پاکستان شاہینز کے خلاف پہلے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا لیے

136

راولپنڈی ۔18نومبر (اے پی پی):سری لنکا اے نے سونال دنوشا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے سبب پاکستان شاہینز کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا لیے ، سونال دنوشا 81 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں اور وجے سندرا 38 رنز پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں ۔ پاکستان شاہینز کی جانب سے خرم شہزاد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں ۔ پیر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کے کپتان محمد ہریرہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، سری لنکا اے کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور اس کی پہلی 5 وکٹیں صرف 35 رنز پر گر گئیں ، کپتان سوریا بندارا 2، وکرما سنگھے 30 جبکہ نپن دھننجایا ، پلندو پریرا اور کامل مشرا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ، پانچوں کھلاڑیوں کو خرم شہزاد نے آئوٹ کیا ۔

اس موقع پر پون رتنائیکے نے سونال دنوشا کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز کا اضافہ کیا، یہ شراکت بھی خرم شہزاد نے رتنائیکے کو 35 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر کے ختم کر دی، دنوشا اور دنورا کالو پہانا نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 56 رنز بنائے، کالوپہانا 30 رنز بنا کر احمد صفی عبداللہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، دنوشا نے ونوجا ساہن کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 98 رنز کی ایک اور اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا ، ساہن 63 رنز بنا کر احمد صفی عبداللہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ، اس کے بعد دنوشا اور وجے سندرا نے پہلے دن کھیل کے اختتام تک 45 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 293 تک پہنچا دیا ، دنوشا 81 اور وجے سندرا 38 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔ پاکستان شاہینز کی جانب سے خرم شہزاد نے چھ اور احمد صفی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا