سری لنکا سے سزا یافتہ پاکستانی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئےدائر درخواست میں وزارت داخلہ نے جواب جمع کرادیا

78

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت میں زیر سماعت سری لنکا سے سزا یافتہ پاکستانی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئےدائر درخواست میں وزارت داخلہ نے جواب جمع کرادیا۔دوران سماعت وزارت داخلہ کی جانب سے جواب جمع کراتے ہوئے عدالت کو بتایاگیاکہ 100گرام سے زائد منشیات کیس میں سزا یافتہ26 جبکہ 100 گرام سے کم منشیات کیس میں سزا یافتہ 15 قیدیوں کی رہائی کیلئے خط لکھے گئے ہیں اور متعلقہ مجسٹریٹ اسلام آباد کو بھی مذکورہ قیدیوں کی رہائی کیلئے اقدامات سے متعلق لیٹر لکھا گیاہے،

استدعا ہے کہ کیس کو ختم کیاجائے۔یاد رہے کہ سری لنکا سے سزایافتہ چالیس سے زائد پاکستانی نومبر 2020 میں پاکستان لائے گئے تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی سزائوں پر پاکستانی قوانین کے مطابق نظر ثانی کے لئے سری لنکا کی حکومت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی،سری لنکا کی حکومت کی جانب سے جواب آنے کے بعد ان قیدیوں کی سزاوں پر پاکستانی قانون کے مطابق نظر ثانی کی گئی ہے۔