سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن اورایچ ای سی سری لنکا کے 20 بیورو کریٹس کو تربیت دے گا

91

اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے باہمی اشتراک سے سری لنکا کے 20 بیورو کریٹس کو تربیت فراہم کی جائے گی،یہ تربیت 15تا 27ستمبر 2019ءکو پاکستان نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی) میں ہو گی۔ سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر شاہد احمد حشمت سے سری لنکا سے کورس میں شرکت کرنے والے اعلیٰ عہدوں پر تعینات بیورو کریٹس کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ ہائی کمیشن کولمبو سے موصولہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ دورہ پاکستان سے سری لنکا کے آفیسرز کو پاکستان کے سول سروس کے ڈھانچے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی پاکستان میں سول سرونٹس کی تربیت کا ایک اعلیٰ ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفد کے شرکاءپاکستان میں اپنے قیام کے دوران حکومتی اداروں کے دورہ کے علاوہ لاہور اور ٹیکسلا کے عجائب گھروں سمیت مختلف تعلیمی اداروں کا بھی دورہ کریں گے جبکہ پاکستان میں تربیت حاصل کرنے والے سری لنکا کے بیورو کریٹس اپنے قیام کے دوران اعلیٰ حکومتی عہدہ داروں سے بھی ملاقات کریں گے