سری لنکا نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 2 وکٹوں سے شکست دے دی، جنیتھ لیانگے پلیئر آف دی میچ قرار

139
Sri Lanka

کولمبو۔8جنوری (اے پی پی):سری لنکا نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے دی، میزبان ٹیم نے زمبابوے کا 209 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا، جنیتھ لیانگے کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، سری لنکا کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پیر کو کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 45ویں اوور میں 208 رنز پر آئوٹ ہوگئی، کپتان کریگ اروائن نے ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ریان برل 31 اور جوئے لارڈ گومبی 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سری لنکن بائولر مہیش تھیکشانہ نے 31 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، جیفری وینڈرسے اور دشمانتھا چمیرا نے دو دو اور دلشان مدوشنکا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سری لنکا نے زمبابوے کا 209 رنز کا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد 49 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، جنیتھ لیانگے نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 95 رنز کی اننگز کھیلی اور نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے، دشمانتھا چمیرا 18 اور جیفری وینڈرسے 19 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

زمبابوین بائولر رچرڈ انگاراوا نے 32 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، سکندر رضا نے دو اور بلیسنگ موزاربانی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد سری لنکا کو تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔