کولمبو۔28اگست (اے پی پی):سری لنکا کے مزید دو فاسٹ بائولرز ایشیا کپ سے قبل فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے، دلشان مدوشنکا انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ لاہیرو کمارا کا بھی فٹنس مسائل کے باعث ایشیا کپ کیلئے دستیاب نہ ہونے کا امکان ہے، اس سے قبل دشمنتھا چمیرا پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ سپنر ونیندو ہسارنگا کی ایشیا کپ میں شرکت بھی معدوم ہوتی نظر آرہی ہے۔
دلشان مدوشنکا جمعہ کو پریکٹس سیشن کے دوران فٹنس مسائل کا شکار ہوئے۔ سری لنکا کرکٹ کے چیئرمین میڈیکل کمیٹی پروفیسر ارجنا ڈی سلوا نے بتایا کہ چمیرا کی سینے میں تکلیف کے باعث ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں شرکت بھی مشکوک ہے۔
اسی طرح لہیرو کمارا کو سائیڈ سٹرین کا سامنا ہے، ان کی انجری کی نوعیت چمیرا یا مدوشنکا سے کافی بہتر ہے تاہم وہ ایشیا کپ سے مکمل طور پر باہر ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ لہیرو کمارا، دشمانتھا چمیرا اور دلشان مدوشنکا سری لنکا کے اہم فاسٹ بائولرز ہیں، ان کی غیر موجودگی سے ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔