سرینگر میں 1931 میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، ترجمان دفتر خارجہ

45
سرینگر میں 1931 میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے جائز حق کے حصول تک بھارتی مظالم کے خلاف جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

منگل کو یوم شہداء کشمیر کے موقع پر دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے ان 22 بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،جنہوں نے 1931 میں سری نگر میں ظالمانہ ڈوگرہ افواج کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ترجمان نے کہا کہ ان شہدا کی ہمت نے 1931 میں حق خودارادیت کے لئے بے مثال جدوجہد کی جو آج تک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد اب تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز نے 390 سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گذشتہ سات دہائیوں کے دوران بھارتی جبر ، کشمیری عوام کے حوصلوں کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔ترجمان نے ایک بار پھر عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی قابض فورسز کی جانب سے کشمیریوں کے مسلسل ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کریں اور ان گھناؤنے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں