سعد رفیق کی مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کو آزاد جموں و کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر مبارکباد

117

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے آزاد جموں و کشمیر کے پارٹی بنیادوں پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم کانفرنس کو مبارکباد دی ہے۔

پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام نے حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی ناقص پالیسیوں کو حالیہ انتخابات میں مسترد کر دیا ہے اور اپوزیشن میں شامل جماعتوں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے امیدواروں کو مجموعی طور پر اکثریتی ووٹ دے کر کامیاب کرایا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں برتری حاصل کی اورکشمیری نے فیصلہ کر دیا کہ کون سی پارٹی ان کے ووٹوں کی حقدار ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کی مقامی قیادت وادی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔