سعدیہ دانش کا گلگت بلتستان اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی سپیکر کے طور پر انتخاب خواتین کی نمائندگی کے حوالہ سے اہم پیش رفت ہے،سینیٹر شیری رحمان

159
شیری رحمان

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سعدیہ دانش کا گلگت بلتستان اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی سپیکر کے طور پر انتخاب گلگت بلتستان اور پورے ملک میں خواتین کی نمائندگی کے حوالہ سے اہم پیش رفت ہے۔ پیپلز پارٹی کا خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں ملک میں اہم عہدوں پر تعینات کرنے کا شاندار ٹریک ریکارڈ ہے۔

منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عظیم قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے طور پر تاریخ رقم کی، ان کی دلیرانہ قیادت نے دوسری خواتین کے لیے سیاست میں آنے اور ملک کی حکمرانی میں اہم کردار ادا کرنے کی راہ ہموار کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صنفی مساوات کا فروغ نہ صرف خواتین کو بااختیار بناتا ہے بلکہ ملک کی جمہوری بنیادوں کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ عورتوں کو بااختیار بنانے اور انہیں مرکزی دھارے کے عہدوں پر تعینات کرنے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت تعریف کے مستحق ہے۔