سعودی آرامکو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو 16 ارب ڈالرکے ٹھیکے دے گی

99

ریاض ۔ 7 اپریل (اے پی پی) سعودی عرب کی بڑی تیل کمپنی آرامکو ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو 60 ارب ریال ( 16 ارب ڈالر) مالیت کے 140 ٹھیکے دے گی۔آرامکو کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیور منٹ اور سپلائی محمد بن عایض الشامری نے بتایا ہے کہ ان کی کمپنی سعودی حکومت کے ساتھ مل کر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے۔ آرامکو اس وقت 170 ارب ریال مختلف خدمات مہیا کرنے ہر سال صرف کررہی ہے۔سعودی آرامکو اور ملک کی جنرل اتھارٹی برائے سمال اور میڈیم انٹرپرائز ز( منشآ) نے ظہران میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دست خط کیے ہیں۔ الشامری نے بتایا کہ”اس سمجھوتے کا مقصد سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مضبوط بنانا ہے اور تیل اور گیس سے متعلقہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع مہیا کرنا ہے۔