سعودی سرمایہ کارپاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، چیئرمین سینیٹ کی سعودی مجلس شوریٰ کونسل کے چیئرمین کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو

72

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول محفوظ اور سازگار ہے جس سے سعودی عرب کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق یہ بات انہوں نے سعودی مجلس شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل شیخ کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور تمام شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے ا مور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی عرب اور پاکستان میں پارلیمانی روابط کے فروغ سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ چئیرمین سینیٹ نے مہمان کو افغانستان کی صورتحال اور وہاں کے لوگوں کو بحران سے بچانے کیلئے اٹھائے گیے اقدامات سے آگاہ کیا۔

محمد صادق سنجرانی نے سعودی عرب اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے افغانی عوام کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے جو قابل تحسین ہے۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سعودی مجلس شوریٰ کو سل جے چیئرمین نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین اور سعودی عوام پاکستان سے دلی ہمدردی رکھتے ہیں۔

چئیرمین سینیٹ نے سعودی عرب کے عالم اسلام کو متحد کرنے میں موثر کردار کو بھی سراہا۔ سعودی عرب مجلس شوریٰ کونسل کے چئیرمین نے نئے پارلیمانی سال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے چئیرمین سینیٹ کو دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ چیئرمین سینیٹ نے مہمان کا ناسازی طبیعت کے باوجود پاکستان تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔

چئیرمین سعودی مجلس شوریٰ کونسل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلوں سے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ سعودی مہمان نے دونوں ممالک کو قریب لانے میں چئیرمین سینیٹ کی کوششوں کو سراہا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مستحکم باہمی تعلقات سے پورا عالم اسلام مضبوط ہوگا، پاکستانی حکومت کے علاوہ پاکستانی عوام بھی سعودی عرب کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنے کے خواہاں ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین وفود کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔

چیئرمین سعودی مجلس شوریٰ کونسل نے کہا کہ پاکستانی وفد سعودی عرب کے نئے پارلیمانی سال کی تقریب میں شرکت سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کریں تاکہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کےلئے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مشکل حالات میں مدد کی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مدد پر خادم حرمین شریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے سعودی عرب، خادم حرمین شریفین اور محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے سعودی عرب کے بزنس مین اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول محفوظ اور سازگار ہے جس سے سعودی عرب کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر ہوئے ہیں جس پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر کی عوام بھی سعودی عرب کے ساتھ بہتر تعلقات استوار ہونے پر خوش ہیں اور خادم حرمین شریفین کی اس مخلصانہ کاوش پر ان کا شکر گزار ہوں۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ اوآئی سی کے وزراء خارجہ کے اجلاس کے کامیاب انعقاد میں سعودی عرب کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے پرامید ہیں۔ ملاقات میں عراق کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عراق کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹرز حافظ عبدالکریم، نصیب اللہ بازئی، فیض محمد، فیصل سلیم اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔