ریاض ۔9اپریل (اے پی پی):سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ’پاسپورٹ ٹو دی ورلڈ‘ کے نام سے ایک منفرد ایونٹ کا آغاز ہو رہاہے جو تارکین وطن کو اپنے وطن کی سیر کا احساس دلائے گا۔
سعودی پریس ایجنسی واس کے مطابق ’پاسپورٹ ٹو دی ورلڈ‘ ایسا ایونٹ ہے جو مملکت میں مقیم سوڈان، انڈیا، فلپائن اور بنگلہ دیش کی ثقافتوں کو خراج تحسین پیش کرے گا۔ایک ماہ جاری رہنے والے اس فیسٹیول کا مقصد تارکین وطن کو اپنے آبائی وطن سے دوبارہ جوڑنا اور مختلف ثقافتوں کو فنون، روایتی کھانوں، دستکاریوں اور ثقافتی ورکشاپس کے ذریعے متعارف کرانا ہے۔
مشرقی ریجن کے شہر الخبر میں یہ دلکش ایونٹ 9 اپریل سے شروع ہو گا جہاں ہر کمیونٹی کے لیے چار دن مخصوص کیے جائیں گے اس کے بعد یہ میلہ مغربی ریجن کے ساحلی شہر جدہ منتقل ہو جائے گا۔الخبر میں منعقد ہونے والی تقریب میں 9 تا 12 اپریل سوڈان ، 16 تا 19 اپریل انڈیا، 23 تا 26 اپریل فلپائن اور 30 اپریل تا 3 مئی تک بنگلہ دیش کی ثقافت اجاگر کی جائے گی۔
خاص قسم کے میلے میں ہر ملک کی ثقافتی ورثے کے حوالے سے روایتی ملبوسات و زیورات، علاقائی رقص، علاقائی پکوان اور مختلف دستکاریاں رکھی جائیں گی، جہاں ثقافتی اشیاء کی خریداری کے علاوہ تھیٹر اور نمائشیں بھی منعقد کی جائیں گی۔اس ایونٹ کا مقصد ثقافت کو فروغ دینا، شریک ممالک کے ورثے کو اجاگر کرنا اور مقامی و مقیمین کے درمیان رابطے مضبوط کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579788