سعودی عرب امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے ،چیئرمین پاکستان علماء کونسل

171

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے ، سعودی عرب کے امن و استحکام اور سلامتی کے خلاف امت مسلمہ کسی سازش کو قبول نہیں کرسکتی ، سعودی عرب کی قیادت اور عوام سے پاکستان اور امت مسلمہ کی محبت لا زوال ہے ،

سعودی عرب کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والے ہمیشہ ناکام ہوئے ہیں اور ہوں گے ، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کے دورہ پاکستان سے پاک سعودی عرب تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے ، پاکستان سعودی عرب اور رابطہ عالم اسلامی سے متصل علماء و مشائخ کا انتہا پسندی ، دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے کردار روز روشن کی طرح واضح ہے ، میثاق مکۃ المکرمہ رابطہ عالم اسلامی اور پیغام پاکستان ، پاکستان کے علماء و مشائخ کی عظیم کاوش ہیں۔ یہ بات انہوں نے پاکستانی اور عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو کوئی قوت کمزور نہیں کر سکتی ، پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کے معاملہ میں آزاد خود مختار پالیسی رکھتا ہے ، ہمیں علم ہے کہ بعض قوتیں طویل وقت سے پاک سعودی عرب تعلقات کو کمزور کرنا چاہتی ہیں لیکن ان قوتوں کو ہمیشہ ناکامی ہوئی ہے اور ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے جو تیل کے معاملہ میں پالیسی اپنائی ہے اس کی خلیج تعاون کونسل نے تائید کی ہے، اس حوالہ سے بات چیت سے ہی راستے نکل سکتے ہیں ، سعودی عرب کی قیادت اپنے معاملات کو بہت بہتر سمجھتی ہے ، الحمدللہ سعودی عرب عالم اسلام کا مضبوط ترین ملک ہے ، سعودی عرب کو کمزور سمجھنا بے وقوفی ہے ،

سعودی عرب کے امن و استحکام ، دفاع اور سلامتی سے کھیلنے کی کوشش کرنے والوں کو پوری امت مسلمہ کا سامنا کرنا پڑے گا ، سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدسات ہیں اور سعودی عرب کی عوام اور حکومت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی قیادت میں جو اسلام اور مسلمانوں کیلئے خدمات سر انجام دے رہی ہے ان کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ہے ، ہمیں امید ہے کہ بہت جلد سعودی عرب کے ولی عہد اور دیگر ذمہ داران پاکستان کا دورہ کریں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم اور آرمی چیف متعدد مرتبہ واضح کر چکے ہیں کہ مملکت سعودی عرب ہمیں بہت عزیز ہے ، ہم مملکت کے دفاع کو اپنا دفاع سمجھتے ہیں، سعودی عرب کے معاملے پر کوئی قوت یا ملک پاکستان کو دبائو میں نہیں لا سکتا ، ہمارا سعودی عرب سے تعلق صرف سفارتی یا برادرانہ نہیں ایمان اور عقیدے کا تعلق ہے اور ہمارا نہیں خیال کہ امریکہ یا کوئی اور ملک پاکستان کو سعودی عرب سے تعلقات کے معاملے میں دبائو ڈال سکتا ہے۔

انہوں نے حالیہ ایام میں سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد پر سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف سعید المالکی ، رابطہ عالم اسلامی اور مرکز ملک سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا۔