سعودی عرب اور پولینڈ کے درمیان ہوائی نقل و حمل کی خدمات میں تعاون میں اضافے کا معاہدہ

81
سعودی عرب کی غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت

وارسا۔29اگست (اے پی پی):سعودی عرب اور پولینڈ کے درمیان ہوائی نقل و حمل کی خدمات میں تعاون میں اضافے کا معاہدہ طےپا گیا۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق معاہدے پر پولینڈ کے وزیر انفراسٹرکچر آندرزیج ایڈمچک اور سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سروسز صالح بن ناصر الجاسر نے دستخط کیے، جو اس وقت پولینڈ کے سرکاری دورے پر ہیں۔

صالح بن ناصر الجاسر نے بتایا کہ معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان پروازوں، سیاحت اور تجارت میں اضافے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی لاجسٹک صلاحیتوں اور عالمی لاجسٹک مرکز کے طور پر اس کی پوزیشن کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

سعودی وزیر نے کہا کہ یہ معاہدہ قومی نقل و حمل اور لاجسٹک حکمت عملی میں بیان کردہ اہداف کو حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔ اس سے مملکت کی ہوائی نقل و حمل سروس کی کوریج کو 250 بین الاقوامی مقامات تک پھیلایا اور سالانہ ہوائی کارگو کی گنجائش 2030 تک 4.5 ملین ٹن تک بڑھایا جا سکے گا۔

پولینڈ کے پبلک براڈکاسٹر پولش ریڈیو نےاطلاع دی کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ فضائی خدمات کی بنیاد رکھتا ہے، جس میں پہلی بار براہ راست روٹ کا آغاز بھی شامل ہے۔قبل ازیں دونوں وزرانے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک میٹنگ کی۔