اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے سعودی عرب اور چین سے قرضے کی تجدید ہوگئی ہے ،سیلاب کے بعد ریلیف کیلئے آئی ایم ایف سے بات چیت چل رہی ہے ۔ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان مذہبی سیاحت کے حوالے سے دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے ایک بہترین مقام ہے ۔ سیاحت کے فروغ کیلئے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص پیش کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔
’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ سیلاب کے بعد کی صورتحال اور ریلیف کیلئے ابھی ہم آئی ایم ایف سے بات چیت کررہے ہیں ان سے اعدادوشمار شیئر کئے گئے ہیں لیکن ابھی تک اس حوالے سے کچھ فائنل نہیں ہوا ،ابھی ہم نے دیکھنا ہے کہ فلڈ ری فنانسنگ کیلئے کیا حکمت عملی اپنائی جاتی ہے ۔کون سی چیزوں کو ترقیاتی سائیڈ سے لیا جاسکتا ہے اور کفایت شعاری کے حوالے سے کون سے اقدامات کئے جاسکتے ہیں ۔
عائشہ غوث پاشا کا مزید کہنا تھا کہ چین اور سعودی عرب سے ہم جس قرضے کی تجدید چاہتے تھے وہ ہوگیا ہے ۔ سعودی عرب نے حال ہی میں تین ارب ڈالر ہمارے رول اوور کر دیے ہیں ۔دوسری جانب چین نے جو ہماری رول اوور کی ضروریات کو نہ صرف پورا کیا بلکہ اسے وسعت دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے ۔ ان تمام چیزوں کا ایک پراسس ہوتا ہے اور یہ نہیں ہوسکتا کہ اعلان ہوا اور سب کام ہوجائیں اس میں ابھی کچھ وقت لگے گا ، بات چیت کے فوری بعد یہ امید رکھنا کہ فوری سرمایہ کاری آجائے گی اس کیلئے کچھ ٹائم چاہیے ہوتا ہے ۔ جس پراسس سے گزرنا تھا اس سے ہم گزر رہے ہیں اس میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہیں کی جارہی ہم ایک طریقہ کار پر عمل کررہے ہیں ۔
بلا سود بینکاری نظام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سود سے پاک نظام حکومت کی کمٹمنٹ ہے اور ہم اس سمت میں ہم آگے بڑھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پچھلے کچھ سالوں سے اسلامک بینکنگ نے جو گروتھ دکھائی ہے دنیا میں کسی اور جگہ ایسی مثال نہیں ملتی ۔ہم اچھی طرح اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ہم اسلامک بینکنگ میں ترقی کررہے ہیں ۔
کئی ایسے اسلامک بینک ہیں جو اسلامی پراڈکٹ میں بہت اچھی پراگرس کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شریعت کورٹ کے حوالے سے بھی کچھ روڈ میپ کی بات ہورہی ہے ہم طریقہ کار نکال رہے ہیں کہ فنانشل سٹرکچر میں کسی قسم کا تعطل نہیں ہو۔ مالیاتی نظام کو تعطل کے بغیر اس طرح آگے بڑھایاجارہا ہے اور اس پر کام ہورہا ہے اور اس پر کام مکمل ہونے کے بعد اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا ۔
عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ملک میں میکرو اکنامک استحکام ضروری ہے ۔ پاکستان سرمایہ کاری کے حوالے سے محفوظ ملک ہے ۔ہمارے سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان مذہبی سیاحت کے حوالے سے دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے ایک بہترین مقام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص پیش کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔