ریاض ۔30جون (اے پی پی):سعودی وزارت ثقافت نے چین کے چائنیز-عرب کلچرل اینڈ ٹورزم کوآپریشن سٹڈیز سنٹر کے ساتھ ایک ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کئے ہیں تاکہ سعودی- چینی ثقافتی سال 2025 کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔العربیہ کے مطابق اس ایگزیکٹو پروگرام میں ثقافتی تعاون کے کئی شعبے شامل ہیں۔ ان میں مشترکہ دلچسپی کے موضوعات پر مشترکہ تحقیق کرنا بھی شامل ہے تاکہ پیش کی جانے والی تحقیق کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
چینی آرکائیو میں سعودی ثقافتی مواد اور مملکت کے آرکائیوز میں موجود چینی ثقافتی مواد کی فہرست سازی اور مشترکہ ثقافتی مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے کانفرنسیں اور سیمینارز منعقد کرنا بھی پروگرام کا حصہ ہے۔پروگرام میں تحقیقی تبادلے کے عمل کی حمایت بھی شامل ہے جس میں سعودی محققین کے لیے چینی یونیورسٹیوں اور تحقیقی مراکز کے دوروں کو آسان بنانا اور چینی محققین کے لیے سعودی یونیورسٹیوں اور تحقیقی مراکز کے دوروں کو آسان بنانا شامل ہوگا۔
دونوں فریقوں کو ثقافتی شعبوں میں ماہرین فراہم کرنا اور تحقیقی فیلوشپ پروگرام کی حمایت کرنا اور مشاورتی مدد فراہم کرنا بھی اسی پروگرام کے تحت ہوگا۔ یہ پروگرام وزارت ثقافت کی جانب سے بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے عزم کے تناظر میں عمل میں لایا جائے گا۔ پروگرام مملکت کے 2030 وژن کے تحت بھی آتا ہے۔