سعودی عرب حقوق املاک دانش کے نفاذ میں 13 ویں نمبر آگیا، رپورٹ

12
Saudi Arabia
Saudi Arabia

ریاض۔30جون (اے پی پی):سعودی عرب نے دانشورانہ املاک کے حقوق کے نفاذ کے اشاریے میں 14 درجے کی بہتری کے ساتھ عالمی سطح پر 13ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ پیش رفت انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ڈویلپمنٹ ( آئی ایم ڈی ) کے ورلڈ کمپیٹیٹونیس سینٹر کے2025 ورلڈ کمپیٹیٹیونس ایئر بک کی رپورٹ میں سامنے آئی۔ اس حوالے سے معلومات کو نیشنل کمپیٹیٹیونس سینٹر متعلقہ حکومتی اداروں کے تعاون سے ٹریک کرتا ہے۔ سعودی عرب نے امریکن چیمبر آف کامرس کی طرف سے جاری کردہ ’’انٹرنیشنل انٹیلیکچوئل پراپرٹی انڈیکس 2025‘‘ کی 13ویں اشاعت میں ایک بڑی پیشرفت کی ہے۔

اس کی مجموعی تشخیص میں 17.55فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح سعودی عرب رپورٹ میں شامل 55 عالمی معیشتوں میں سب سے زیادہ ترقی کرنے والے ممالک میں سے ایک بن گیا۔ یہ مملکت کے ’’ 2030 ویژن ‘‘ کے اہداف کے تحت دانشورانہ املاک کے ماحول کو بہتر بنانے اور اختراع کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ سعودی عرب کی طرف سے اعلان کردہ یہ پیش رفت مقامی اور بین الاقوامی سطح پر دانشورانہ املاک کے حقوق کے نفاذ کو مضبوط بنانے اور ادارہ جاتی و عدالتی دونوں سطحوں پر اس کی کارکردگی کو بڑھانے کا نتیجہ ہے۔

نیشنل کونسل فار ریسپیکٹ، سٹینڈنگ کمیٹی فار انفورسمنٹ اور انٹلیکچوئل پراپرٹی ریسپیکٹ آفیسر جیسے اہم قومی اقدامات نے حکمرانی کو مستحکم کرنے اور متعلقہ فریقین کے درمیان انضمام کو فروغ دینے میں مؤثر ماڈل فراہم کیے ہیں۔ دانشورانہ املاک کے مقدمات کے لئے ایک خصوصی پراسیکیوشن کے قیام نے قانونی نظام کی کارکردگی کو بڑھانے اور عدالتی طریقہ کار کو تیز کرنے میں مدد کی ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کمپیٹیٹیونس ایئر بک کی رپورٹ دنیا بھر کی معیشتوں کی مسابقت کا موازنہ کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی حوالہ سمجھی جاتی ہے اور اس میں 300 سے زیادہ ذیلی اشاریے شامل ہیں۔ یہ رپورٹ چار اہم محوروں کے ذریعے ممالک کی کارکردگی کی پیمائش کرتی ہے۔ یہ چار محور اقتصادی کارکردگی، حکومتی کارکردگی، کاروباری کارکردگی اور انفراسٹرکچر ہیں۔