ریاض۔9مئی (اے پی پی):خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جامع شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے مملکت کی مختلف گورنریوں اور سرکاری اداروں میں اعلیٰ سطح پر تقرریوں اور تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق شاہی فرمان کے تحت متعدد اہم عہدوں پر نئے عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے اور بعض کو ان کے منصبوں سے سبکدوش کر دیا گیا ہے۔
شاہی فرمان کے تحت جازان ریجن کے گورنر شہزادہ محمد بن ناصر بن عبدالعزیز آل سعود کو ان کے منصب سےسبکدوش کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بن محمد بن عبدالعزیز آل سعود کو وزیر کے برابر عہدے کے ساتھ جازان کا نیا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح شہزادہ ناصر بن محمد بن عبداللہ بن جلوی آل سعود کو نائب گورنر جازان تعینات کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ قصیم گورنری میں شہزادہ فہد بن سعد بن فیصل بن سعد آل عبدالرحمن آل سعود کو نائب گورنر مقرر کیا گیا ہے جنہیں بھی اعلیٰ درجہ دیا گیا ہے۔ شاہی فرمان کے تحت شہزادہ بندر بن مقرن بن عبدالعزیز آل سعود کو شاہی دربار میں سینیر مشیر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح شاہی فرمان میں ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداود کو وزارت داخلہ کے نائب وزیر کے عہدے سے ہٹا کر وزیر کے مساوی حیثیت کے ساتھ وزارت نیشنل گارڈ کا نائب وزیر مقرر کیا گیا ہے۔
ان کی جگہ شہزادہ ڈاکٹر عبدالعزیز بن محمد بن عبدالعزیز بن عیاف آل مقرن کو وزیر داخلہ کے نائب کا عبوری چارج سونپا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد بن سعود بن موسیٰ التمیمی کو ہائی اتھارٹی برائے مواصلات، خلائی و ٹیکنالوجی کے سربراہ کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے،انہیں نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کا گورنر مقرر کیا گیا ہے، جو وزیر کے مساوی عہدہ ہوگا۔
اسی دوران عبداللہ بن سراج بن مصطفی زقزوق کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے امورِ خاص کے سربراہ کے طور پر مقرر کیا گیا ہے، جب کہ ہشام بن عبدالعزیز بن عثمان بن سیف کو وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس امور تعینات کیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594680