ریاض ۔ 12 فروری (اے پی پی) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےرابغ میں شاہ عبداللہ تجارتی بندرگاہ کا افتتاح کردیا۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بندرگاہ ملک سمیت خطے کی مکمل تجارتی جدید ترین بندرگاہ ہے جو کہ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں واقع ہے۔ یہ اپنے اسٹریٹیجک محل وقوع اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ مکمل خدمات کے حوالے سے منفرد ہے۔ یہ بندرگاہ سعودی عرب کی آبادی میں متوقع اضافے کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہے۔ جون 2020ءمیں بندرگاہ کا تمام تعمیراتی کام مکمل ہوجائیگا جس سے ہزاروں سعودی نوجوانوں کوروزگار ملے گا۔کنگ عبداللہ بندرگاہ کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبداللہ ریان قطب نے بتایا کہ اس بندرگاہ سے سعودی عوام کو بے شمار فوائد حاصل ہونگے۔ یہ سعودی عرب کی پہلی بندرگاہ ہے جسکا انتظام پرائیویٹ سیکٹر کے ہاتھ میں ہوگا۔ اس موقع پر بندرگاہ کے ادارے اور متعدد کمپنیوںمیں 4 معاہدے بھی ہوئے ہیں۔ ولی عہد کو اس موقع پر کنگ عبداللہ بندرگاہ کی تعارفی فلم بھی دکھائی گئی۔