سعودی عرب میں نایاب عرب نسل کے تیندوے کے ہاں تین بچوں کی پیدائش

80
Saudi Arabia
Saudi Arabia

ریاض۔5دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں العلا رائل کمیشن کے کنزرویشن بریڈنگ سینٹر میں نایاب عرب نسل کے تیندوے کے ہاں تین بچوں کا جنم ہوا ہے ۔ایس پی اے،کے مطابق سعودی عرب میں تیندوؤں کی افزائش کے سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تیندے تین بچوں کی بیک وقت ولادت کا تیسرا واقعہ ہے جو 30 برس بعد سامنے آیا ہے۔سینٹر کی جانب سے معدوم ہونے کے خدشے کے پیش نظر نایاب تیندوے کی دیکھ بھال کے لیے اسے بہترین قدرتی ماحول فراہم کیا جارہا ہے تاکہ اس کی نسل میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔

بچوں کی ماں کا نام ’گلابو ‘ ہے جس کی عمر 6 برس جبکہ باپ کو ’باھر‘ کا نام دیا گیا ہے جو 13 سالہ ہے۔جوڑے کو دسمبر 2023 میں سینٹر میں لایا گیا تھا تاکہ نسل کی افزائش کے لیے انہیں قدرتی ماحول فراہم کیا جاسکے۔سینٹر کے ماہرین نے بتایا دونوں نر بچوں کی صحت اچھی ہے اور وہ بھرپور توانائی کے ساتھ اچھل کود کرتے رہتے ہیں جبکہ مادہ بچے کا زیادہ تر وقت اپنی ماں کے ساتھ گزرتا ہے وہ کھیل کود میں زیادہ حصہ نہیں لیتی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بچے 18 ماہ تک اپنے والدین کے ہمراہ رہتے ہیں بعدازاں وہ جدا ہوجاتے ہیں۔