ریاض۔2مئی (اے پی پی):سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر اور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سید المالکی کے مابین پیر کو ریاض میں ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے متوقع دورہ سعودی عرب کی تیاریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ کی ٹویٹ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے سفیروں نے ہر آزمائش پر پورا اترے تعلقات ، بھائی چارے، دوستی کو مزید تقویت دینے اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔گذشتہ ہفتے سفیر المالکی نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا تھا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
فروری 2019 میں سعودی ولی عہدکے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے معاہدے کیے تھے۔المالکی نے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ منصوبوں پر کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے ، ایک ترجیحی تجارتی معاہدہ وسیع تر اقتصادی تعاون کا باعث بنے گا۔