سعودی عرب کا تعاون پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ محبت اور اعتماد کا اظہار ہے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

74
محمد طاہر محمود اشرفی

لاہور۔2دسمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی طرف سے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کی طرف سے پاکستان کے اسٹیٹ بینک میں موجود ڈیپازٹ کی مدت بڑھانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں کی طرح ہیں۔

جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے ہم اس تعاون پر سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور سعودی عرب کا موجودہ حالات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ محبت اور اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے نتیجہ میں یہ بات واضح ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون آئندہ ایام میں مزید بڑھے گا اور اسی طرح دیگر اسلامی ممالک بھی پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون میں اضافہ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، قطر ، ترکی ،سعودی عرب کی طرف سے ان شا اللہ مستقبل قریب میں بہت اچھی خبریں آنے والی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اندرونی سیاسی استحکام پاکستان کی اقتصادی ، معاشی اور معاشرتی اقدار کی صورتحال کی بہتری کیلئے بہت ضروری ہے اور اس سلسلہ میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو میثاق پاکستان کی طرف جانا ہو گا۔