سعودی عرب کا مسجد حرام میں نمازیوں اور زائرین کو 50 زبانوں میں رہنمائی کی فراہمی کا اعلان

143
سعودی عرب کا مسجد حرام میں نمازیوں اور زائرین کو 50 زبانوں میں رہنمائی کی فراہمی کا اعلان

ریاض ۔28فروری (اے پی پی):سعودی عرب نے مسجد حرام میں نمازیوں اور زائرین کو 50 زبانوں میں رہنمائی کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کی ایجنسی فار لینگوئجز اینڈ ٹرانسلیشن نے کہاکہ وہ 50 سے زائد زبانوں میں عازمین حج وعمرہ کو اپنی خدمات فراہم کرے گی، تاکہ غیر عرب عازمین کے لیے جامع خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔جنرل پریذیڈنسی برائے زبان اور ترجمہ کے انڈر سیکرٹری احمد بن عبدالعزیز الحمیدی نے کہا کہ مسجد الحرام میں ترجمہ دو اہم محوروں پر مشتمل ہے۔

ایک فیلڈ ترجمہ سروس ہے جو ان لوگوں کے لیے ہے جو نماز کی ادائی کے لیے مسجد حرام میں آتے ہیں۔ دوسرا خصوصی قانونی ترجمہ ہے جو منبر کے خطبات اور دینی لیکچرز کا دوسری زبانوں میں ترجمہ کرتا ہے۔ایجنسی نے حال ہی میں اپنی خدمات کو بڑھا کر تمام راہداریوں اور مسجد حرام کے داخلی راستوں 24 گھنٹے مترجم کی سہولت فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترجمہ ایجنسی جدید ترین لائیو ریڈیو براڈکاسٹنگ میکانزم کا استعمال کرتے ہوئے 10 منظور شدہ بین الاقوامی زبانوں میں حرمین شریفین کا پیغام دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔اس مقصد کے لیے خدا کے مقدس گھر کے زائرین اور دنیا بھر کے مسلمانوں تک پیغام پہنچانے کے لیے ٹیکنالوجی کے کردار کو فعال کرتے ہوئے منارہ حرمین پلیٹ فارم اورایف ایم براڈکاسٹنگ کے ذریعے پیغام پہنچایا جائے گا۔