ریاض۔29نومبر (اے پی پی):سعودی عرب نے اقاموں،ایگزٹ ری انٹری اور وزٹ ویزوں کی میعاد میں خودکار نظام کے تحت مفت توسیع کا اعلان کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے نے محکمہ پاسپورٹ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر اقاموں، ایگزٹ ری انٹری اور ویزٹ ویزوں میں 31 جنوری 2022 تک توسیع ہو گی،
یہ توسیع خود کار نظام کے تحت کسی فیس کے بغیر کی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ویزوں میں یہ توسیع کووڈ-19 کی وبا کے نتائج ومضمرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کی کوششوں کا تسلسل ہے اور وزیرخزانہ نے اس کی منظوری ،سعودی عرب کی قومی پالیسی کے تحت توسیع پر عملدرآمد کے احکام جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ توسیع کی کارروائی نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے خودکار نظام کے تحت ہو گی، اس کے لیےغیر ملکیوں کو محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر اور نہ ہی بیرون ملک سعودی سفارتخانوں یا قونصل خانوں سے رجوع کرنا ہو گا۔
اس سہولت سے وہ غیر ملکی مستثنی ہوں گے جو سعودی عرب سے روانہ ہونے سے قبل ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے۔واضح رہے کہ شاہ سلمان نےسعودی حکام کو کورونا وائرس کے شہریوں اور مکینوں پرمعاشی اثرات کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔