سعودی عرب کی انسانی ہمدردی کی غیر متزلزل کوششیں قابل تعریف ہیں، رانا تنویر حسین

161

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے سعودی عرب کی انسانی ہمدردی کی غیر متزلزل کوششوں اور پاکستان کے لئے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی انسانی مقاصد کے لیے سعودی عرب کا عزم قابل تعریف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی سفارتخانے میں کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ایف) کے زیر اہتمام 2024-2025 کے لئے پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی کے تازہ ترین اقدام کے آغاز سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعی میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہم ملک کے دور دراز پسماندہ طبقوں میں فوڈ پیکجز کی تقسیم کی تقریب کے اس عظیم موقع پر اکٹھے ہوئے ہیں

جو سلطنت کی طرف سے فراخدلی اور ہمدردی کے پائیدار جذبے کا ثبوت ہے ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے عالمی انسانی مقاصد کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ غذائی پیکجز کی تقسیم سے غربت، غذائیت کی کمی اور غذائی عدم تحفظ سے دوچار ہزاروں خاندانوں کو انتہائی ضروری ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں ایک جامع اور پرعزم معاشرے کی تعمیر کے پاکستان کے وژن سے ہم آہنگ ہے جہاں ہر فرد کو زندگی کی بنیادی ضروریات تک رسائی حاصل ہو۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے مشترکہ عقیدے

ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی کثیر جہتی تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی اور مصیبت کے وقت ہماری دونوں قومیں ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوئی ہیں ۔ رانا تنویر نے پسماندہ کمیونٹیز کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر نے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے وسیع اثرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ فوری ضروریات کو پورا کرتے ہوئے یہ اقدامات صحت مند اور زیادہ پیداواری کمیونٹیز کی تعمیر میں مدد کرتے ہیں، جس سے ملک کے سماجی اور اقتصادی استحکام میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کو خوراک کی امداد کی شفاف اور موثر تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مل کر ملک کے ہر کونے اور ہر اس خاندان تک پہنچنے کی کوشش کریں گے جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔تقریب کا اختتام رانا تنویر حسین کی جانب سے پاکستان سعودی عرب دوستی زندہ باد! پاکستان پائندہ آباد کے نعروں کے ساتھ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار دوستی کا اعادہ کرتے ہوئے ہوا۔ شاہ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز کی طرف سے شروع کیا گیا یہ اقدام پاکستان میں کمزور کمیونٹیز کی مدد اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔