سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی سکیورٹی ٹیم کا پشاور ایئرپورٹ کا دورہ ، سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار

110

پشاور۔21جون (اے پی پی): سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) کی سکیورٹی ٹیم نے دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں پشاور ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق 20 مندوبین پر مشتمل تین ٹیموں نے 2 ہفتوں کے دوران6بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کا معائنہ کیا۔ اس سے قبل کراچی، لاہور، ملتان، سیالکوٹ اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر سکیورٹی کا پہلے 2 مراحل میں جائزہ لیا گیا۔ دورے کا مقصد سعودی عرب جانے والی براہ راست پروازوں کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی کا جائزہ لینا ہے۔

اس دوران مسافروں اور سامان کی سکریننگ، پیری میٹر سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ کارگو سکریننگ اور سکیورٹی اور اے ایس ایف، ایئر لائنز سکیورٹی اقدامات کو پرکھا گیا۔ ترجمان کے مطابق کارگو ہینڈلرز سمیت کیٹرنگ سکیورٹی کے طریقہ کار کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔

سعودی ٹیم نے محفوظ فلائٹ آپریشنز کو یقینی بنانے کے کےلئے ہوائی اڈوں پر کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ سعودی وفد نے پاکستان سی اے اے کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ سعودی وفد نے کہا کہ دو برادر ممالک کے درمیان اس طرح کے دورے ہوا بازی تعلقات کو نئی سطح تک لے جائیں گے۔