سعودی عرب کی مغربی سوڈان میں بے گھر افراد کے کیمپوں پر حملوں کی مذمت

94
Saudi Ministry of Foreign Affairs
Saudi Ministry of Foreign Affairs

ریاض ۔14اپریل (اے پی پی):سعودی عرب نے مغربی سوڈان کے شہر الفاشر کے قریب نقلِ مکانی کرنے والے افراد کے کیمپوں خاص طور پر زمزم اور ابو شوک پر حالیہ حملوں کی مذمت کی ہے۔العربیہ کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ نے جاری بیان میں کہاکہ حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے جو بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے۔

سعودی عرب نے ایسی خلاف ورزیوں کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا اور انسانی اور امدادی کارکنان کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ مملکت نے جدہ اعلامیہ میں بیان کردہ وعدوں پر عمل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جس کا مقصد سوڈان میں شہریوں کی حفاظت کرنا ہے۔وزارت نے متأثرین کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔