ریاض۔3جولائی (اے پی پی):سعودی عرب نے قابض اسرائیلی حکام کے اُس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خودمختاری نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور یہ بیانات ناقابل قبول ہیں۔
وزارت خارجہ نے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاری کو توسیع دینے کی ہر کوشش کو مسترد کرتا ہے اور اسرائیلی حکام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کا پابند بنانے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب اپنے فلسطینی بھائیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا تاکہ وہ بین الاقوامی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے تحت اپنے جائز حقوق حاصل کر سکیں جن میں 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانا شامل ہے۔
وزارت خارجہ نے اس مؤقف کو مملکت کا مستقل اور غیر متزلزل اصول قرار دیا۔ خیال رہےکہ اسرائیلی وزیر انصاف نے ایک متنازعے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل کے پاس غرب اردن کو ضم کرنے کا بہترین موقع ہے اور تل ابیب کو اس موقعے کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔