سعودی عرب کے ولی عہد سے ورلڈ بینک کے صدر اور عالمی رہنماؤں کی ملاقاتیں، مختلف امور پرتبادلہ خیال

187
Crown Prince Mohammed bin Salman
Crown Prince Mohammed bin Salman

ریاض ۔4دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ون واٹر سمٹ کے موقع پر عالمی بینک کے صدر اجے بنگا، قازقستان کے صدر، ترکمانستان کی پیپلز اسمبلی کے چیئرمین ، منگولیا کے وزیر اعظم اور دیگر عالمی رہنماؤں نے ملاقات کی۔العربیہ کے مطابق ولی عہد اور ورلڈ بینک کے صدر کی ملاقات میں سعودی عرب اور عالمی ادارے کے درمیان تعاون کے تعلقات، آبی چیلنجوں سے نمٹنے، آبی وسائل کے استعمال اور تحفظ میں تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے مملکت کی کوششوں اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں اور فرانسیسی کمپنیوں کے سینیئر سربراہان کے ایک گروپ سے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سعودی عرب، فرانس کے تعلقات اور انہیں فروغ دینے کا جائزہ لیا گیا۔صحرا سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں، تجربات، جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے، ریسرچ اور آبی ذرائع کی پائیداری کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واٹر سمٹ میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں اور دیگر عالمی رہنما شریک ہیں۔سمٹ کا مقصد پانی کے چیلنجوں سے نمنٹے کے لیے جامع انداز میں تبادلہ خیال کرنا، مہارتوں، تجربات اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ کرنا، پانی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے تحقیق، ترقی اور اختراع کو بڑھانا ہے۔