جدہ ۔12جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کو انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی اعلیٰ کمیٹیوں میں سے ایک کا صدر منتخب کر لیا گیاہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہوائی صنعت کے فروغ کے لیے سعودی عرب کی کوششوں نے سال 2023-2024 کے لیے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ایکاو) کی ایوی ایشن سکیورٹی کمیٹی کی چیئرمین شپ حاصل کرنے کی راہ ہموار کی۔
ڈاکٹر بدر بن صالح الصقری 2023-2024 کے لیے ایوی ایشن سکیورٹی کمیٹی میں سعودی عرب کے نمائندے کے طور پر کام کریں گے، اس بات کا اعلان مونٹریال، کینیڈا میں ایکاو کی کونسل کے 229ویں سیشن کے دوران کیا گیا ۔اس اقدام سے سعودی عرب پالیسیوں، تزویراتی جہات اور منصوبہ بندی کی سرگرمیوں سے متعلق سفارشات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن 193 ممالک پر مشتمل ، اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔اس کا مقصد سول ایوی ایشن کے شعبے میں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانا اور اس شعبے کو منظم کرنے کے لیے معیارات، فریم ورک اور پالیسیاں مرتب کرنا ہے۔
تنظیم میں ایوی ایشن سکیورٹی کمیٹی کے اہم ترین کاموں میں سے پالیسیوں، اسٹریٹجک سمتوں اور ترجیحات کے بارے میں کونسل کو اپنی سفارشات پیش کرنا اور ایوی ایشن سکیورٹی سے متعلق سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنا ہے۔کمیٹی کی ذمہ داریوں میں عالمی معیارات اور سلامتی کی سفارشات پر مشاورت کی پیشکش، بین الاقوامی شہری ہوابازی کے لیے ابھرتے ہوئے خطرات کا اندازہ لگانا، اور صنعت کو غیر قانونی مداخلت سے بچانے کے لیے ضروری اقدامات پر عمل درآمد کرنا بھی شامل ہے۔
واضح رہے سعودی عرب 1962 سے تنظیم کا رکن ہے۔ اس نے 1980 میں اپنا مستقل وفد قائم کیا، اور 1986 سے اب تک تنظیم کی کونسل کا رکن ہے۔