سعودی عرب، جانوروں کو اذیت دینے پر28 افراد کو17 لاکھ ریال کا جرمانہ

99

ریاض۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) سعودی عرب کی وزارت ماحولیات اور زراعت نے جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب 28 افراد پر 17 لاکھ 60 ہزار ریال جرمانہ عائد کردیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت ماحولیات کی تفتیشی ٹیموں نے مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے ہیں۔ وزارت ماحولیات کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جو بھی جانوروں کو اذیت دے گا اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، جولائی اور اگست کے دوران سعودی عرب کے مختلف شہروں میں 28 افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ تفتیشی ٹیموں نے جن خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے تھے ان میں جانوروں کو اذیت دینا ، ان کے ساتھ مناسب برتائو نہ کرنا اور کھانے پینے کا خیال نہ رکھتے ہوئے انہیں بھوکا پیاسا رکھنا شامل تھا۔ محکمہ جنگلی حیات نے اس بارے میں کہا ہے کہ جوبھی جانوروں کو اذیت دے گا اس کے بارے میں فوری طور پر محکمہ کو مطلع کیا جائے تاکہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاسکے۔