ریاض۔2جون (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ حج سیزن کے آغاز سے اب تک شدید گرمی کے باعث ہیٹ سٹروک کے44 کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ ایس پی اے کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ہیٹ سٹروک کا شکار ہونے والے عازمین کاطے شدہ طبی پروٹوکولز کے مطابق علاج معالجہ کیا گیا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ عازمین کے لیے فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے تحت 16 اوپن ہارٹ سرجریز اور 145 کارڈیک کے کامیاب آپریشن بھی کئے گئے ہیں۔ وزارت نے بتایا ہے کہ حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی مجموعی طبی خدمات کی تعداد 91 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
یہ خدمات سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ مربوط نظامِ صحت کے تحت فراہم کی جا رہی ہیں جس کا مقصد عازمین کی سلامتی اور آرام کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ مناسکِ حج مکمل اطمینان سے ادا کر سکیں۔
وزارت نے وضاحت کی کہ ہسپتالوں اور طبی مراکز کے ایمرجنسی سیکشنز میں 22 ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیاہے جبکہ 4119 مریضوں کو داخل کر کے انہیں ضروری نگہداشت فراہم کی گئی ہے۔